نئی دہلی:09 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) آج یہاں خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں جمعےۃ علماء ہندکے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا جو دس روزہ عرس کے دوران زائرین کے لیے مفت طبی خدمت پیش کرے گا ۔ اس کے ساتھ ہی جمعےۃ علماء ہندجو سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین اجمیری ؒ کے مسلکِ خدمتِ خلق کی علم بردار تنظیم ہے، اس کے کارکنان نے کائیڈ وشرام استھلی میں آج سے طبی سرگرمی شروع کردی ۔ اس سلسلے میں مذکورہ مقام پر ہفتہ کی دوپہر ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں درگاہ اجمیرشریف کی سبھی کمیٹیوں کے ذمہ داران موجود تھے۔ تقریب کی صدارت مولانا قاری امین صدر جمعےۃ علماء راجستھان نے کی، جب کہ مہمان خصوصی کے طور پر مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند، پروفیسر اخترالواسع صدر مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپورشریک ہوئے۔اس کے علاوہ درگاہ سے سید واحد حسین چشتی انگارا،سید توفیق چشتی، سید آل بدر،سید نظام الدین، سید ابوطالب چشتی، سید معین چشتی ، سید عبدالجلال چشتی ، عبد المجید چشتی ، ذوالفقار چشتی ، ناظم درگاہ شکیل احمد چشتی، حاجی عبدالوہاب چشتی، نائب ناظم ڈاکٹر محمد ناظم چشتی اورشہرکے ایڈیشنل ایس پی پنا لال مشرا ، جمعےۃ علماء راجستھان کے نائب صدر مولانا شبیر احمد قاسمی ،عتیق الرحمن قریشی سکریٹری جمعےۃ علماء بناس کانٹھا ، جمعےۃ علماء ہند کے آرگنائزر مولانا علیم الدین اجمیری ، مولانا ابوالحسن پالن پوری،مولانا حفظ الرحمن تھور موجود رہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سید واحد حسین چشتی انگارا اورپروفیسر اخترالواسع نے اپنے خطاب میں مشترکہ طور سے جمعےۃ علماء ہند کی ہمہ گیر خدمات کا اعتراف کیا اور میڈیکل کیمپ کے لیے مولانا محمود مدنی کی ستائش کی، پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند کے اس عمل نے ملی اتحاد کی راہ ہموار کی ہے ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ اس بار جمعےۃ علماء بناس کانٹھا کی ٹیم کیمپ میں اسسٹ کرے گی، مولانا شبیر احمد قاسمی نائب صدر جمعےۃ راجستھان یونٹ نگرانی کریں گے۔پالن پور سے 13ڈاکٹرس، 12جی پی ، 4؍ فارماسسٹ اپنی خدمت دیں گے ، نیز جمعےۃ یوتھ کلب پاغپت اور شاملی کے 15رضا کار مولانا رفاقت کی نگرانی میں تعاون پیش کریں گے ۔واضح ہو کہ جمعےۃ علماء ہند نے ۲۰۱۶ء میں اجمیر شریف میں اپنا 33؍واں اجلاس عام منعقد کیا تھا ، جس میں ملت اسلامیہ ہند کے مابین اتحاد و اشتراک پر زور دیا گیا تھا۔ اس اجلاس نے دیوبند اور اجمیر شریف میں پیداکردہ دوری کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔اُس اجلاس عام سے قبل تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی، ایک وفد کے ساتھ بذات خود درگاہ کے ذمہ داروں سے بھی ملے تھے اور اس تاریخی موقع پر انھوں نے ذمہ داروں سے کہا تھا کہ وہ ان سے محبت اور اپنائیت لینے آئے ہیں۔اس بعد سے ہی جمعےۃ علماء ہند نے عرس کے موقع پر یہاں میڈیکل کیمپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ، جمعےۃ علماء ہند کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس کے اکابر کا ہمیشہ اس درگاہ سے تعلق رہا ہے اور یہاں 70 کی دہائی میں بھی میڈیکل کیمپ لگائے جاتے تھے ۔مولانا محمود مدنی نے صرف اسی روایت کو شروع کیا ہے ۔